وزارت خارجہ نے لیبیا کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی میں سوار پاکستانیوں کی فہرست جاری کردی۔
جس کے مطابق حادثے کی شکار کشتی میں 63 پاکستانی تھے، جن میں سے 16 کی لاشیں نکال لی گئیں۔ 37 پاکستانی زندہ بچ گئے۔
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارتخانہ طرابلس نے حادثے کی جگہ کا دورہ کیا اور ڈوبنے والی کشتی میں 63 پاکستانیوں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق لیبیا کشتی حادثے میں 37 پاکستانی زندہ بچ گئے جن میں سے 33 پولیس حراست میں ہیں جبکہ ایک اسپتال میں زیرعلاج ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹس کی بنیاد پر 16 لاشوں کی شناخت کرلی گئی ہے، پاکستانی سفارتخانہ مزید معلومات اکٹھی کر رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق حادثے میں 10 پاکستانی لاپتہ ہیں جبکہ وزارت خارجہ پاکستانی سفارتخانہ لیبیا میں مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔