• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب عمران خان نے نادیہ جمیل کو پولیس سے رہائی دلوائی


پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل انہیں پولیس نے منگیتر کے ساتھ گھومنے پر گرفتار کر لیا تھا، بعد ازاں انہیں سابق وزیرِ اعظم و بانیٔ پی ٹی آئی اور اس وقت کے ورلڈ کپ چیمپئن عمران خان نے جیل سے رہا کروایا تھا۔

حال ہی میں اداکارہ نادیہ جمیل نے یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا ہے۔

اس موقع پر اداکارہ نے ناصرف زندگی کی تلخ یادیں دہرائیں بلکہ کیریئر اور کینسر سے جنگ جیتنے کے سفر پر بھی کھل کر بات کی۔

انٹرویو کے دوران نادیہ جمیل نے بتایا کہ میں نے خود کو سب سے خوبصورت اس وقت پایا جب میں کینسر کے سبب سر منڈوانا پڑا تھا، اس وقت مجھے بالوں اور بلو ڈرائی کے پیچھے نہیں چھپنا پڑتا تھا۔

اداکارہ نے اس دوران اپنے بچپن اور لڑکپن کی دلچسپ یادیں تازہ کیں۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھے 18 سال کی عمر میں اپنی سہیلیوں سے ملنے اور ان کے ساتھ باہر جانے کی اجازت ملی تھی۔

نادیہ جمیل نے انکشاف کیا کہ میں اپنے شوہر کو 14 سال کی عمر سے جانتی تھی اور 18 سال کی عمر میں ہمیں دوستوں کی موجودگی میں باہر ملنے کی اجازت ملی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ میں اپنے منگیتر سے چھپ چھپ کر فون پر بات بھی کیا کرتی تھی، ایک دن ہم نے دوستوں کے ساتھ باہر ملنے کامنصوبہ بنایا، بعد ازاں ہم دوستوں کی پارٹی چھوڑ کر ڈرائیونگ پر نکل گئے، اس وقت ایک شاہین اسکواڈ ہوتا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ہمیں شاہین اسکواڈ نے پکڑ لیا اور نکاح نامہ مانگنے لگے، ہم بہت زیادہ ڈر گئے تھے، میں نے پولیس کو یہاں تک کہا کہ مجھے یہیں کوڑے مار لیں مگر تھانے نہ لے کر جائیں، مگر شاہین اسکواڈ ہمیں تھانے لے گیا۔

نادیہ جمیل نے کہا کہ تھانے جا کر ہمیں ایک ایک کال کی اجازت دی گئی تاکہ ہم اپنے ورثاء سے رابطہ کر سکیں، اب ڈر کے مارے نہ میں اپنے والد کو کال کر سکتی تھی اور نہ ہی میرے منگیتر اپنے والد کو بتا سکتے تھے، ایسے میں، میں نے اپنے والد کے ایک بہت اچھے دوست کو کال ملائی اور وہ ہمیں دیگر 4 بندوں سمیت جیل سے چھڑانے تھانے پہنچ گئے۔

نادیہ جمیل نے بتایا کہ ہمیں چھڑانے کے لیے آنے والے 5 افراد میں میرے والد اور عمران خان بھی شامل تھے، اس وقت عمران خان نے نیا نیا ورلڈ  کپ جیتا تھا، اسی لیے ان کی بہت عزت کی جاتی تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ عمران خان کو دیکھ کر پولیس والے بھی حیران رہ گئے اورانہوں نے ان سمیت سب کے لیے چائے منگوا لی۔


نادیہ جمیل نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ عمران خان میرے والد کے بہت اچھے دوست رہے ہیں، میں عمران خان کو ’انکل‘ کہتی ہوں۔

اداکارہ نادیہ جمیل نے بتایا کہ میں نے بعد ازاں عمران خان کا ٹی وی پروگرام میں انٹرویو بھی کیا تھا، اس دوران عمران خان نے مجھے اچھی لڑکی قرار دیا تھا۔

نادیہ جمیل نے بتایا کہ عمران خان نے میری اس بات کی تعریف کی تھی کہ میں جس کے ساتھ گرفتار ہوئی تھی، اسی سے میں نے شادی کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید