برازیل کے شہر میناس جیرائس میں ہونے والی ایک نیلامی میں ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔
میناس جیرائس میں ہونے والی نیلامی میں نیلور گائے 40 بھارتی کروڑ روپے میں فروخت ہوئی جو کہ پاکستانی کرنسی میں 1 ارب 28 کروڑ 87 لاکھ روپے بنتے ہیں۔
مذکورہ نیلور گائے نے مہنگی ترین مویشی ہونے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
نیلامی میں لائی گئی نیلور گائے کو مقامی طور پر ویاتینا 19 ایف آئی وی مارا اموویز کہا جاتا ہے۔
یہ نیلور گائے اپنی خوبصورت سفید کھال، ڈھیلی جلد اور کندھوں کے اوپر مخصوص کوہان کی وجہ سے نیلامی میں خصوصی توجہ کا مرکز بنی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرنے کے علاوہ یہ گائے ٹیکساس میں’چیمپئن آف دی ورلڈ‘ مقابلے میں ’مس ساؤتھ امریکا‘ کا اعزاز بھی اپنے نام کر چُکی ہے۔
یاد رہے کہ گائے کی اس نسل کا تعلق بھارت سے ہے لیکن یہ برازیل میں پائی جانے والی گائے کی اہم ترین نسلوں میں سے ایک بن گئی ہے۔