چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کےلیے بھارتی کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی۔ بھارتی ٹیم کا دبئی ایئرپورٹ پر شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے استقبال کیا۔
اس بار بھارتی کرکٹ ٹیم بغیر ذاتی عملے کے دبئی پہنچی، کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں کھلاڑیوں کے ذاتی شیف اور ہیئر ڈریسرز ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
شائقین کرکٹ نے کرکٹرز کے غیر حاضر ذاتی عملے کو محسوس کیا، جو ماضی میں کرکٹ اسٹارز کے ارد گرد ’ہٹو بچو‘ کی صدائیں بلند کرتے ہوئے نظر آتے رہے۔
دبئی ایئرپورٹ پر موجود ایک مداح نے مذاقاً کہا، ’اس بار بھارتی اسٹارز کا فوکس کرکٹ پر ہوگا، نہ کہ ان کے ہیئر اسٹائل پر!‘
دوسری جانب بنگلادیش ٹیم نے کپتان نجم الحسن شنتو کی قیادت میں آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس کی۔
پیر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان شاہینز اور بنگلادیش کے درمیان وارم اپ میچ کھیلا جائے گا۔
بھارتی ٹیم اتوار کو آئی سی سی اکیڈمی میں اختیاری پریکٹس کرے گی یا ہوٹل میں فزیکل ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی۔
بھارت کا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلادیش کے خلاف دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔