• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک لاوا پک رہا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے: فاروق ستار

فاروق ستار— فائل فوٹو
فاروق ستار— فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایک لاوا پک رہا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت کا ظلم اور نا انصافی کا سلسلہ جاری ہے، سندھ حکومت اقتدار کی آڑ میں بدعنوانی اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ حکومتِ سندھ 61 سالوں سے حکمرانی کی آڑ میں کرپشن کر رہی ہے، سندھ میں کہیں پر آئین اور قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پہلے ٹرانسپورٹ مافیا ہوتا تھا، اب ڈمپر مافیا گھوم رہا ہے، بے رحمی کے ساتھ کراچی کے شہری ڈمپر مافیا کا شکار ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ ماضی میں بھی اس طرح کے حالات پیدا کیے گئے تھے، آج پھر مہاجر اور پختونوں کو لڑوانے کی سازش کی جا رہی ہے، ایم کیو ایم صبر کرنے کی تلقین نہیں کرتی تو شہر میں آگ لگ چکی ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آفاق احمد کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، ہم آفاق احمد کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

متحدہ کے رہنما نے کہا کہ لوگوں میں اس وقت غم و غصہ ہے، سازش کے تحت ڈمپر مافیا کو آزادی دی گئی ہے، مقصد ہے کہ شہر میں اشتعال انگیزی ہو، قاتلوں کی گرفتاری کا ذکر ہی نہیں ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ڈمپرز کو جلانے کے پیچھے آفاق احمد کا بیان نہیں، آفاق احمد بیان نہ بھی دیتے تب بھی یہی ہونا تھا، ان کو گرفتار کرنے سے یہ معاملہ حل نہیں ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید