امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی۔ بعدازاں نیتن یاہو اور مارکو روبیو نے مقبوضہ بیت المقدس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
اس موقع پر اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ اسرائیل کے عظیم دوست ہیں، میں اور صدر ٹرمپ مکمل تعاون اور حکمت عملی کے تحت مل کر کام کر رہے ہیں۔
نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ حماس کی جنگی صلاحیتوں کو مکمل ختم کریں گے۔ غزہ سے تمام یرغمالیوں کو جلد واپس لے آئیں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ شام کو دشمن کی کارروائیوں کا اڈہ بننے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے غزہ کے مستقبل کے لیے جراتمندانہ اور نیا وژن دیا ہے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کبھی بھی جوہری صلاحیتیں حاصل نہیں کر پائے گا۔ ایران میں ایسی حکومت ہے جسے لوگوں کی حمایت حاصل نہیں۔