بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو کے نیلامنگلا ہائی وے کے ایک ٹول بوتھ پر معمولی جھگڑے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور ایک شخص کو 50 میٹر تک گھسیٹ کر لے گیا۔
یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا، جس میں خوفناک مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے بعد بومب بیریئر اوپر اٹھادیا گیا لیکن ایس یو وی گاڑی نے تقریباً 15 سیکنڈز تک حرکت نہیں کی۔
حکام کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور اور متاثرہ شخص کے درمیان اوورٹیکنگ کے معاملے پر بحث ہوئی جو بعد میں ہاتھاپائی تک جا پہنچی۔
جھگڑے کے بعد ڈرائیور نے اچانک گاڑی بھگا دی لیکن متاثرہ شخص دروازے سے لپٹ گیا اور تقریباً 50 میٹر تک گھسیٹا گیا۔ بالآخر وہ سڑک پر گر گیا، جبکہ ملزم فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کو کوئی سنگین چوٹیں نہیں آئیں اور وہ خود کو سنبھالنے میں کامیاب رہا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔