9 سال بعد ری ریلیز ہونے پر بلاک بسٹر ثابت ہونے والی بالی ووڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ کے سیکوئل میں اداکارہ شردھا کپور کو کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا ’انسٹنٹ بالی ووڈ‘ کے مطابق ’صنم تیری قسم 2‘ کے لیے تاحال مرکزی کاسٹ کا نام سامنے نہیں آیا ہے۔
حال ہی میں فلم کی ہدایت کار جوڑی رادھیکا راؤ اور ونے سپرو نے ایک انٹرویو کے دوران اشارہ دیا ہے کہ صنم تیری قسم کے سیکوئل میں عوام کے مطالبے پر اداکارہ شردھا کپور کو کاسٹ کیا جا سکتا ہے۔
رادھیکا راؤ اور ونے سپرو نے ’انسٹنٹ بالی ووڈ‘ کی جانب سے لیے گئے انٹرویو میں فلم کے سیکوئل کی ریلیز سے لے کر کاسٹ تک بات کی۔
ہدایت کار جوڑی کا کہنا ہے کہ فلم ’صنم تیری قسم 2‘ آئندہ سال ویلنٹائن ڈے پر 14 فروری کو ہر حال میں ریلیز کی جائے گی۔
کاسٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ہدایت کار نے کہا کہ ہم ابھی ہیروئن سے متعلق انکشاف نہیں کر سکتے۔
دوسری جانب فلم کے ہدا یت کار ونے سپرو اور رادھیکا راؤ نے مداحوں کی خواہشات اور سوالوں کے جواب میں کہا ہے کہ اداکارہ شردھا کپور کو اپنی فلم کے سیکوئل میں لینے کے لیے بالکل تیار ہیں۔
ہدایت کارہ رادھیکا راؤ نے میزبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا یہ مطالبہ شردھا کپور تک پہنچا دیں، ہم بہت خوش ہوں گے کہ شردھا کپور اس فلم کے سیکوئل کا حصہ بنیں۔