ٹریفک میں پھنس کر تاخیر کا شکار ہونا ایک عام مسئلہ ہے لیکن اب بھارتی طالب علم نے اس پریشانی کا منفرد حل ڈھونڈ نکالا ہے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھارتی ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے طالبِ علم کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں ٹریفک میں پھنسے طالبِ علم کو امتحانی مرکز پہنچنے کے لیے انوکھا طریقہ اپناتے ہوئے دیکھا گیا۔
مذکورہ طالبِ علم یوں تو سمرتھ مہانگڑے کالج میں زیرِ تعلیم ہے لیکن گزر بسر کے لیے پیرا گلائیڈنگ کے مقام پر گنے کے جوس کا اسٹال لگاتا ہے۔
امتحان سے 15 سے 20 منٹ قبل تک طالبِ علم اسٹال پر جوس فروخت کرتا رہا اور جب اسے یہ احساس ہوا کہ وہ ٹریفک کی وجہ سے بر وقت امتحانی مرکز نہیں پہنچ پائے گا تو اس نے امتحانی مرکز پہنچنے کے لیے پیرا گلائیڈنگ کا انتخاب کیا تاکہ ٹریفک جام سے بچتے بچاتے سیدھا امتحانی مرکز پر لینڈ کرے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طالب علم اپنے امتحانی مرکز کے قریب بر وقت اور باحفاظت لینڈ کر گیا۔