معروف بھارتی کامیڈین سمے رائنا یوٹیوب کے پروگرام ’انڈیا گوٹ لیٹنٹ‘ کے تنازع پر لب کشائی کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
حال ہی میں سمے رائنا نے کینیڈا میں اپنے اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کی میزبانی کی، جہاں انہوں نے اپنے یوٹیوب شو کے تنازع پر بات کی۔
اس دوران انہوں نے دباؤ کے باوجود مداحوں کو اپنے حسِ مزاح سے بھی محظوظ کیا۔
سمے رائنا نے اسٹیج پر قدم رکھتے ہی اپنے مخصوص انداز میں مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرے وکیل کی فیس ادا کرنے کا شکریہ۔
اپنے شو کے اختتام میں اسٹینڈ اپ کامیڈین کی آنکھیں بھیگ گئیں اور انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ شاید میرا سمے(وقت) ہی برا چل رہا ہے، لیکن یاد رکھنا دوستوں میں سمے ہوں۔
یہ جملہ اس بات کا اشارہ تھا کہ وہ ایک مشکل وقت کا سامنا کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بعد میں میں موجود ایک خاتون شبھم دتہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بُک پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ شو کے دوران سمے رائنا کو دیکھ کر یہ محسوس ہوا کہ وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، ان کی حالت کافی خراب تھی، آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے تھے۔
تاہم مذکورہ خاتون صارف نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دی ہے، مگر اس سے اسکرین شاٹس بڑے پیمانے پر وائرل ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ عرف بیئر بائسیپس کے قابلِ اعتراض کمنٹس کے بعد شروع ہوا تھا۔ انہیں بھی اس تنازع میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔