بلوچستان میں پولیو کے حوالے سے حساس ترین اضلاع کوئٹہ، چمن، پشین اور قلعہ عبداللّٰہ میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم تیسرے روز بھی جاری ہے۔
مہم کے دوران بچوں کوانسدادِ پولیو کے حفاظتی ٹیکے لگائے جارہے ہیں۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر حکام کے مطابق صوبے میں کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللّٰہ کی 78 یو نین کونسلوں میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم جاری ہے۔
7 روزہ خصوصی مہم کے دوران بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطروں کے ساتھ ساتھ حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جا رہے ہیں۔
مہم کے دوران 4 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم 27 فروری تک جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے کئی اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجود گی برقرار رہنے کے باعث خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔