آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری چیمپئنز ٹرافی میں گروپ بی کا اہم میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا، جہاں آسٹریلوی ٹیم ساڑھے تین سو رنز کے ہدف کے تعاقب میں پراعتماد انداز میں بیٹنگ کر رہی ہے۔
انگلینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کےلیے 352 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں آسٹڑیلیا نے 4 وکٹوں پر 250 رنز مکمل کرلیے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے چیمپئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف پہلے بولنگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے، بین ڈکٹ نے 165 رنز کی زبردست باری کھیلی۔
جو روٹ انگلینڈ کے دوسرے ٹاپ اسکورر تھے جنہوں نے 68 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جوز بٹلر 23، جوفرا آرچر 21، جیمی اسمتھ 15، لیام لونگسٹن 14 اور فل سالٹ نے 10 رنز کے ساتھ ٹیم کو ساڑھے تین سو تک پہنچانے میں اپنا حصہ ڈالا۔
آسٹریلیا کی جانب سے بین دارشوئس نے 3، ایڈم زیمپا اور مارنس لبوشین نے دو دو جبکہ گلین میکس ویل نے ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا، جارح مزاج بلے باز ٹریوس ہیڈ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان اسٹیو اسمتھ 5 رنز کے مہمان ٹھہرے۔
تاہم تیسری وکٹ پر میتھیو شارٹ اور مارنس لبوشین نے 95 رنز کی شراکت بنائی۔ 122 کے مجموعے پر لبوشین 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ 136 پر 63 رنز بنانے والے شارٹ بھی میدان بدر ہوئے۔
ایسے میں پانچویں وکٹ پر جوش انگلس اور ایلکس کیری نے سنچری پارٹنرشپ بنا کر اپنی ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ہماری پریکٹس کے دوران رات کے وقت یہاں اوس پڑ رہی تھی۔
انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کو ترجیح دیتے، کھلاڑی پُراعتماد ہیں، ہم اس میچ کے لیے پُرجوش ہیں۔
انگلینڈ کے اسکواڈ میں فل سالٹ، بین ڈکٹ، جیمی اسمتھ، جوروٹ، ہیری بروک، جوز بٹلر، لیام لیونگسٹن، برائیڈن کارس، جوفرا آرچر، عادل رشید اور مارک ووڈ شامل ہیں۔
آسٹریلین ٹیم کپتان اسٹیو اسمتھ، میتھیو شارٹ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لبوشین، جوش انگلس، ایلکس کیری، گلین میکسویل، بین دارشوئس، نیتھن ایلس، ایڈم زیمپا اور اسپینسر جانسن شامل ہیں۔