جے یو آئی ف کے رہنما حافظ حمداللّٰہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز اور ان کے منتخب لڑکوں نے قوم کی ناک کٹوا کر رکھ دی۔
بھارت کے ہاتھوں قومی کرکٹ ٹیم کی شکست پر جے یو آئی رہنما حافظ حمداللّٰہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے سامنے پاکستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ، فیلڈنگ اور بولنگ بری طرح ناکام رہی۔
انہوں نے کہا کہ بیٹسمینوں نے کچھوے کی چال سے اننگ کھیلی، فیلڈروں نے بھی بھارت کا کام آسان کیا۔
حافظ حمداللّٰہ کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی سمیت چیئرمین پی سی بی کو مستعفی ہو جانا چاہیے، دبئی میں پاکستان کرکٹ ٹیم صرف ٹاس ہی جیت سکی، لگتا ہے ٹیم 47 نمبر پرچیوں پر چلتی ہے۔
جے یو آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ انتخاب میرٹ پر نہ ہونے سے ٹیم دباؤ میں نہیں کھیل سکتی، ان کے ہاتھ پاؤں پھولتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔