خلا میں کپڑے کیسے پہنے جاتے ہیں؟ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوگئی۔
خلا نورد زمین پر لوگوں کے برعکس خلا میں انوکھے انداز میں کپڑے پہنتے ہیں۔ اس دلچسپ حقیقت کو ناسا کے کیمیکل انجینئر ڈان پیٹیٹ نے 21 فروری کو شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا۔
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر فلمائی گئی اس ویڈیو میں، انہوں نے پینٹ پہننے کا منفرد طریقہ بتایا۔
عام طور پر لوگ ایک ٹانگ ڈال کر پھر دوسری ٹانگ ڈالتے ہیں، لیکن ڈان پیٹیٹ نے خلا میں تیرتی ہوئی پینٹ میں ایک ساتھ دونوں ٹانگیں داخل کردیں۔
انہوں نے اس ویڈیو کا سادہ سا کیپشن دیا، ’دو ٹانگیں ایک ساتھ۔‘
یہ مزاحیہ ویڈیو دیکھ کر ناظرین خوب محظوظ ہوئے اور تبصروں کی بھرمار ہوگئی۔ ایک صارف نے لکھا، ’میں نے پہلے سوچا تھا کہ آپ سیدھا پینٹ میں جا گریں گے۔ ہاہا، یہ آزمانے میں مزہ آئے گا۔‘
ایک اور صارف نے مذاق میں کہا، ’یہ وہی اصل مواد ہے جس کی مجھے ضرورت تھی! میں نے زمین پر اس تجربے کو دہرانے کی کوشش کی، لیکن۔۔۔ نتیجہ اچھا نہیں نکلا!‘
تیسرے صارف نے تبصرہ کیا، ’یہ لمحہ 2001: اے اسپیس اوڈیسی کی دھن کے بغیر ضائع ہو گیا!‘ جبکہ چوتھے نے لکھا، ’کمال کا طریقہ! زبردست مہارت!‘