آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بنگلادیش اپنا آخری میچ کل راولپنڈی میں کھیلیں گے، دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنی پہلی جیت کی منتظر ہیں۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان میچ دوپہر دو بجے شروع ہوگا، ایونٹ کے تمام میچز پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیوسوپر براہ راست نشر کر رہا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں راولپنڈی میں خراب موسم کی وجہ سے بھرپور ٹریننگ نہ کر سکیں۔
دونوں ٹیموں کا یہ ایونٹ میں آخری میچ ہوگا، اب تک کھیلے گئے میچز میں پاکستان اور بنگلادیش دونوں کو ہی نیوزی لینڈ اور بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دونوں ہی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں جبکہ ایونٹ میں اپنی ایک جیت کی تلاش میں بھی ہیں۔
بنگلادیش کے اسسٹنٹ کوچ محمد صلاح الدین کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ایونٹ میں اچھا نہیں کھیلی، لیکن وہ ماضی پر یقین نہیں رکھتے۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنے آخری میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، ٹیم کی بولنگ بہتر پرفارم کر رہی ہے، بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔