• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورۂ ازبکستان سے تعلقات میں وسعت آئے گی: دفترِ خارجہ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 2 روزہ سرکاری دورۂ ازبکستان ازبک صدر شوکت مرزیوئیف کی دعوت پر کیا تھا، ان اعلیٰ سطح کے روابط سے اقتصادی شراکت داری، عالمی و علاقائی تعاون اور تعلقات میں وسعت آئے گی۔

دفتر خارجہ ترجمان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورۂ ازبکستان کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی، برادرانہ تعلقات کے اعادے پر اتفاق ہوا ہے، دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے قیادت نے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس دورے کے دوران تجارت، روابط، ثقافت اور عوامی تبادلے پر تبادلۂ خیال کیا گیا، علاقائی رابطےکے فروغ کے لیے ٹرانس-افغان ریلوے اور تجارتی راہداریوں پر بات چیت ہوئی۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا ہے کہ 25 فروری کو تاشقند میں پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے وزیرِ اعظم نے خطاب کیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے مزید بتایا ہے کہ وفد میں شامل شخصیا ت اور ازبکستان کی کاروباری شخصیات کے درمیان سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس دورے کے دوران مشترکہ مفادات میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید