علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے 10 برس بعد ہونے والے انتخابات میں ذاکر علی خان پینل نے میدان مار کر علیگ یونائیٹڈ پینل کو شکست دے دی۔
اولڈ بوائز کے انتخابات میں ذاکر علی خان پینل نے 158 ووٹ جبکہ علیگ یونائیٹڈ پینل نے 139 ووٹ حاصل کیے۔
یوں ذاکر علی خان پینل کے صدر محمد اکبر علی خان نے سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے چانسلر کا چارج سنبھال لیا، جس کے بعد سر سید یونیورسٹی کے چانسلر اکبر علی خان کی صدارت میں ایگزیکٹیو کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں عادل عسکری، عاطف نذر، محمد یامین نائب صدر منتخب جبکہ جعفر نذیر عثمانی جنرل سیکریٹری کے عہدے کے لیے فاتح قرار دے دیے گئے۔
سر سید یونیورسٹی کے نئے چانسلر محمد اکبر علی خان نے تعارفی تقریب میں فیکلٹی اور اسٹاف ممبرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ماضی کی کوتاہیوں کو پسِ پشت ڈال کر آگے بڑھنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ برے وقت میں کندھے پر رکھا گیا ہاتھ کامیابی پر بجنے والی تالیوں سے زیادہ قیمتی ہوتا ہے۔