بھارتی اداکار سنیل شیٹی نے بتا دیا کہ وہ نانا کب بنیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں 63 سالہ سنیل شیٹی نے کہا ہے کہ میری بیٹی اتھیا شیٹی کے ہاں بچے کی پیدائش اپریل میں متوقع ہے۔
سنیل شیٹی نے کہا کہ گھر پر کھانے کی میز پر آنے والے نواسے کے علاوہ کوئی اور بات چیت نہیں ہو رہی اور ہم کوئی اور بات چیت چاہتے بھی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپریل میں بچے سے ملنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
سنیل شیٹی نے کہا کہ اس وقت اتھیا کتنی خوبصورت نظر آتی ہے، سب کچھ بچے کے گرد گھومتا ہے، چاہے وہ لڑکا ہو یا لڑکی اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ میں نے ہمیشہ خواتین کو خوبصورت مانا ہے، جب میری اہلیہ حاملہ تھی تو وہ سب سے خوبصورت لگتی تھی اور اب اتھیا کو دیکھتا ہوں تو وہ وہ سب سے خوبصورت لگتی ہے۔
یاد رہے کہ اتھیا شیٹی اور بھارتی کرکٹر کے ایل راہول کی شادی 23 جنوری 2023ء کو ہوئی تھی۔