دورانِ فلائٹ آسٹریلوی جوڑے کو کمبل میں لپٹی ہوئی لاش کے ساتھ بٹھانے پر ایئر لائن کا مؤقف سامنے آ گیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایئر لائن نے اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے اپنے عملے کا دفاع کیا ہے۔
ایئر لائن کا کہنا ہے کہ عملے نے بر وقت، مناسب اور پیشہ ورانہ طریقہ کار اپنایا۔
بی بی سی کو دیے گئے بیان میں ایئر لائن کا کہنا ہے کہ اس معاملے کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ دورانِ پرواز خاتون کی موت کے معاملے سے نمٹنے کا طریقہ کار تربیت اور صنعت کے معیاری پریکٹس کے عین مطابق تھا، جس کے تحت مسافروں کو دوسری نشستوں پر بٹھایا گیا اور عملے کا ایک رکن متوفی مسافر کے ساتھ پرواز دوحہ میں لینڈ ہونے تک بیٹھا رہا۔
ایئر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر لائن نے مرنے والوں کے اہلِ خانہ اور دیگر مسافروں کو مدد اور معاوضے کی پیشکش کی ہے جو اس واقعے سے براہِ راست متاثر ہوئے تھے۔
ایئر لائن کا مزید کہنا ہے کہ یہ ایک بدقسمت واقعہ تھا، بعض اوقات ہوا بازی کی صنعت میں اس طرح کے واقعات رونما ہو جاتے ہیں، جہاں دورانِ پرواز غیر متوقع اموات ہوتی ہیں، تاہم ہمارا عملہ ان حالات سے بہتر انداز میں نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ ہے۔
ایئر لائن نے یہ بیان آسٹریلوی جوڑے کے آسٹریلیا کے چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے میلبرن سے دوحہ کی پرواز کے تجربے کو ناگوار قرار دینے کے بیان کے جواب میں جاری کیا ہے۔