چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو لاہور طلب کر لیا گیا ہے جہاں نوجوان کرکٹرز کی بورڈز کے عہدیداران سے ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کی تیاری سے متعلق بھی نوجوان کرکٹرز پر انحصار کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے 12 مارچ کو نیوزی لینڈ روانہ ہونا ہے جہاں پہلے مرحلے میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 16 مارچ سے شروع ہو گی۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم ایک بھی میچ جیتے بغیر ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی۔
بعد ازاں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے ’بریک‘ لینے کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بعض کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی کی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر ڈراپ ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے کچھ کھلاڑی دورۂ نیوزی لینڈ سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔