• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا اور اسرائیل کا 3 بلین ڈالرز کا دفاعی معاہدہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکا نے اسرائیل کو تقریباً 3 بلین ڈالرز کے دفاعی معاہدے کی منظوری دے دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا نے اسرائیل کے لیے 3 بڑے دفاعی معاہدوں کی منظوری دی ہے جس کی مجموعی مالیت تقریباً 2.95 بلین ڈالرز ہے۔

امریکا کا کہنا ہے کہ معاہدہ خطے کی سلامتی اور اسرائیل کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ہے، ایک دفاعی معاہدے کے تحت امریکا اسرائیل کو 2 بلین ڈالرز کا اسلحہ اور بارود دے گا۔

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل کو فروخت کیے جانے والے اسلحے میں ہزاروں ہیل فائر میزائل اور بم شامل ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے ایک اور معاہدے کے تحت 970 ملین ڈالرز کا اسلحہ، بلڈوزرز اور دیگر آلات اسرائیل کو فروخت کرنے کی منظوری دی ہے، جس میں 675 ملین ڈالرز کی گائیڈنس کٹس اور بم جبکہ 295 ملین ڈالرز کے بلڈوزر اور دیگر آلات شامل ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق بلڈوزر اور متعلقہ آلات سے اسرائیل سرحدوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر کرے گا۔

امریکی ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی (DSCA) کا کہنا ہے کہ امریکا اسرائیل معاہدوں سے امریکی دفاعی تیاری پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا، کانگریس کو ان معاہدوں کی باضابطہ اطلاع دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ڈی ایس سی اے دراصل اتحادی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے مختلف تربیتی پروگرامز اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرتی ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دفاعی ساز و سامان کی ترسیل 2026ء سے 2028ء تک مکمل کی جائے گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید