آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں گروپ اے کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے بیٹر ویرات کوہلی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ویرات کوہلی کی اننگز کا خاتمہ دنیائے کرکٹ کے بہترین فیلڈرز میں سے ایک گلین فلپس نے شاندار کیچ پکڑ کر کیا۔
دبئی میں کھیلے جارہے بھارت اور نیوزی لینڈ کے میچ کو دیکھنے کیلئے ویرات کوہلی کی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما بھی موجود تھیں اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتی نظر آرہی تھیں۔
کوہلی کے آؤٹ ہونے پر اسٹیڈیم میں موجود انکی اہلیہ انوشکا شرما بھی کیچ کو دیکھ کر حیران ہوئیں اور کوہلی کی پویلین واپسی پر افسردہ بھی ہوگئیں۔
میچ میں ویرات کوہلی صرف 11 رنز بنا سکے، وہ میٹ ہینری کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
براڈکاسٹنگ کے دوران انوشکا شرما کے تاثرات بھی کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کیے جو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے ہندی آفیشل انسٹاگرام پر ویرات کوہلی کی وکٹ گرنے کی ویڈیو شیئر کی گئی۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کوہلی نے 14 گیندوں پر 11 رنز بنائے، لیکن نیوزی لینڈ کے کھلاڑی گلین فلپس کے شاندار کیچ نے ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔
ویرات کی وکٹ گرنے کے بعد اسٹیڈیم میں موجود انوشکا مایوسی کے عالم میں اپنا سر پکڑے دکھائی دیں۔ وہ اپنے دوستوں سے کچھ کہتے ہوئے بھی نظر آئیں۔
واضح رہے کہ انوشکا شرما دبئی میں ہونے والے بھارت اور پاکستان کے میچ کے دوران موجود نہیں تھیں، جس میں ویرات کوہلی نے شاندار سنچری اسکور کی اور اپنی ٹیم کو فتح دلائی تھی۔
میچ ختم ہونے کے بعد ویرات کوہلی کو اپنی شادی کی انگوٹھی، جو انہوں نے چین میں پہن رکھی تھی، چومتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔