حماس کے سینئر رہنما اسامہ حمدان نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے دوران غزہ میں مزید 116 فلسطینی شہید ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کے آخری گروپ کی رہائی کئی دنوں تک مؤخر کی۔
انھوں نے کہا کہ اسرائیلی جیلوں سے رہا فلسطینیوں پر آخری وقت تک بہیمانہ تشدد ہوا اور انھیں بھوکا پیاسا رکھا گیا۔
اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیل نے رفح سرحدی کراسنگ سے امدادی اور تجارتی سامان کو غزہ میں داخل ہونے سے روکا، اسرائیلی حکومت نے غزہ جنگ بندی معاہدے کو ختم کرنے کی سر توڑ کوششیں کیں۔
حماس رہنما نے کہا کہ اسرائیلی حکومت اور وزیراعظم غزہ پر دوبارہ چڑھائی کیلئے کوششں کر رہے ہیں۔
اسامہ حمدان کے مطابق جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں تاخیر اسرائیلی حکومت کے منصوبے کا حصہ ہے۔