• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چائلڈ اسٹار رومی کا ڈرامہ سیٹ پر تجربہ کیسا رہا؟

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان کے مشہور  ڈرامے میں رومی کا کردار ادا کرنے والے چائلڈ آرٹسٹ نے سیٹ پر اپنا تجربہ مداحوں سے شیئر کرتے ہوئے کئی انکشافات کیے ہیں۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے تاریخی ہٹ ڈرامے میرے پاس تم ہو نے ناظرین پر گہرا اثر چھوڑا، اس ڈرامے نے پاکستانی مردوں کے کردار کی پیشکش کو ایک نیا رخ دیا اور عالمی سطح پر بلاک بسٹر کامیابی حاصل کی، یہاں تک کہ ڈرامے کی آخری قسط سنیما گھروں میں دکھائی گئی، جسے دیکھنے کے لیے مداح بےچین تھے۔

اس ڈرامے کا مرکزی کردار دانش (ہمایوں سعید) تھا، لیکن ایک اور کردار جس نے لاکھوں دل جیتے وہ رومی تھا، جسے شیث سجاد گل نے ادا کیا۔

اس معصوم مگر جذباتی کردار نے ڈرامے کی کہانی میں ایک اہم موڑ پیدا کیا، خاص طور پر دانش کی موت کے منظر میں اس کی معصومیت نے ناظرین کو آبدیدہ کر دیا۔

حال ہی میں شیث سجاد گل نے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے تجربے کے بارے میں گفتگو کی۔

 انہوں نے بتایا کہ میرے پاس تم ہو میں کام کرنا میرے لیے ایک بہت بڑا تجربہ تھا جسے میں آج بھی خوشی سے یاد کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سیٹ پر ہمایوں سعید اور عائزہ خان میرا بہت خیال رکھتے تھے اور اکثر چاکلیٹس اور تحفے دیتے تھے، ڈرامے کی پوری کاسٹ اور ٹیم شفقت سے پیش آتی تھی۔

شیث سجاد گل نے مزید بتایا کہ میں نے ڈرامے اور اشتہارات دونوں میں کام کیا ہے، مجھے لگتا ہے کہ اشتہارات میں کام کرنا زیادہ مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ چھوٹے بجٹ کے پروجیکٹس میں زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے کیونکہ کام کے اوقات طویل ہوتے ہیں، جبکہ ڈرامے نسبتاً آسان ہوتے ہیں۔

شیث اب بڑے ہو رہے ہیں اور مختلف پراجیکٹس میں کام کر رہے ہیں، وہ اپنے تعلیمی سفر پر بھی توجہ دے رہے ہیں لیکن اداکاری سے ان کا لگاؤ برقرار ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید