پاکستان کے معروف اداکار عثمان مختار نے اپنے ڈرامے پامال میں رومانوی سینز کرنے سے انکار کردیا۔
حال ہی میں نشر ہونے والا مقبول پرائم ٹائم ڈرامہ پامال ناظرین میں خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے، اس کی کہانی ایک ایسی لڑکی ملیکا کے گرد گھومتی ہے، جو شادی سے پہلے اور بعد میں مشکل حالات سے گزرتی ہے اور شوہر کی بیماری کے باعث شدید مالی بحران کا شکار ہو جاتی ہے۔
حال ہی میں ڈرامہ پامال کے ہدایت کار خضر ادریس نے ایک انٹرویو میں ڈرامے کے رومانوی پہلوؤں پر گفتگو کی اور اس دوران ایک دلچسپ انکشاف بھی کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اداکار عثمان مختار اسکرین پر رومانوی مناظر کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے تھے۔
خضر ادریس کے مطابق ڈرامے میں کچھ رومانوی مناظر ایسے تھے جنہیں کرنے سے عثمان مختار نے صاف انکار کر دیا، وہ کہتے تھے کہ میں یہ نہیں کر سکتا، میرے لیے ایسے سین کرنا مشکل ہے، براہِ کرم اسے بدل دیں، بعد میں ہم نے انہیں قائل کیا اور انہوں نے وہ مناظر اچھے طریقے سے ادا بھی کیے، لیکن جب بھی اس طرح کا کوئی سین آتا، وہ جھجک محسوس کرتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عثمان اکثر کہا کرتے تھے کہ میں ان اداکاروں کو سلام کرتا ہوں جو اسکرین پر رومانس کرتے ہیں، یہ واقعی مشکل کام ہے۔
ہدایت کار نے یہ بھی کہا کہ میری کوشش تھی کہ شوہر اور بیوی کے درمیان ایسے مناظر فلمائے جائیں جو حقیقت کے قریب ہوں اور جس سے ناظرین خود کو جوڑ سکیں۔
انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ اسپتال والا سین میں نے فوری طور پر تخلیق کیا کیونکہ اس میں عارضی علیحدگی اور لڑائی کے بعد کرداروں کے جذبات کو نمایاں کرنا ضروری تھا۔
واضح رہے کہ ڈرامہ پمال کی قسط نمبر 12 میں عثمان مختار اور صبا قمر کے کچھ رومانوی مناظر دکھائے گئے تھے، جس پر عوام کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا تھا۔