آسٹریلیا کی معروف اداکارہ اور سماجی کارکن ریچل کارپانی طویل علالت کے بعد 45 برس کی عمر میں چل بسیں۔
ریچل کارپانی کی موت کی خبر نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا، ریچل کارپانی گزشتہ کچھ عرصے سے ایک دائمی بیماری میں مبتلا تھیں، تاہم ان کی بیماری اور موت کی حتمی وجہ سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
اداکارہ کے اہلِ خانہ نے ان کی موت کی تصدیق کی، بہن جارجیا کارپانی نے انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کیا جس میں لکھا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ ہماری خوبصورت بیٹی اور آسٹریلیا کی محبوب اداکارہ ریچل کارپانی طویل بیماری سے جدوجہد کے بعد اب ہم میں نہیں رہیں۔
خاندان کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ اداکارہ کی آخری رسومات جمعہ، 19 دسمبر کو ادا کی جائیں گی، جو صرف قریبی اہلِ خانہ اور دوستوں تک محدود ایک نجی تقریب ہوگی، خاندان نے اس مشکل وقت میں پرائیویسی کی درخواست کرتے ہوئے مزید بیانات جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریچل کارپانی نے آسٹریلوی ٹیلی ویژن میں ایک طویل اور کامیاب کیریئر بنایا، بعد ازاں انہوں نے امریکی پروڈکشنز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اداکاری کے ساتھ ساتھ ریچل کارپانی سماجی اور سیاسی معاملات پر بھی کھل کر اظہارِ خیال کرتی تھیں، وہ خواتین کے حقوق کی بھرپور حامی تھیں اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے مختلف عالمی مسائل، بشمول اسرائیل فلسطین تنازع پر آواز اٹھاتی رہیں۔