پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کی بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت سے دبئی میں ملاقات ہوئی ہے۔
اس ملاقات کی ویڈیو راحت فتح علی خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔
ویڈیو کے ساتھ دیے گئے کیپشن میں راحت فتح علی خان نے لکھا کہ دو لیجنڈز استاد راحت فتح علی خان اور بالی ووڈ کے آئیکون سنجے دت کے درمیان یادگار ملاقات ہوئی، جس میں بامعنی گفتگو کی گئی، تجربات کا تبادلہ کیا گیا اور باہمی احترام کے ساتھ شاندار وقت گزارا، ایک ہی فریم میں اتنی مثبت توانائی اور اچھا احساس دیکھنا واقعی خوشی کی بات ہے۔
یہ پوسٹ سامنے آتے ہی مداحوں کی جانب سے تبصروں کی بھرمار ہو گئی، شائقین نے موسیقی اور فلم کی دنیا کے دو بڑے ناموں کو ایک ساتھ دیکھنے پر خوشی اور جوش کا اظہار کیا اور اس ملاقات کو تاریخی قرار دیا۔
راحت فتح علی خان اپنی روح کو چھو لینے والی آواز اور کلاسیکل و صوفی موسیقی میں بےمثال خدمات کے لیے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں، جبکہ سنجے دت بالی ووڈ کے اُن اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے دہائیوں پر محیط کیریئر میں یادگار کردار ادا کیے۔