عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا ڈھاکا میں ہونے والا کنسرٹ اچانک منسوخ ہونے پر مداحوں میں غصے اور مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔
عاطف اسلم نے کنسرٹ منسوخ ہونے کی اطلاع اپنے آفیشل فیس بک پیج پر دی۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے دکھ ہو رہا ہے کہ ہم ڈھاکہ میں ہونے والے کنسرٹ میں پرفارم نہیں کر رہے ہیں جو 13 دسمبر 2025ء کو ہونا تھا۔
گلوکار نے مزید بتایا کہ منسوخ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ کنسرٹ کے پروموٹرز اور انتظامیہ مطلوبہ مقامی اجازت نامے، سیکیورٹی کلیئرنس اور لاجسٹکس کو ترتیب نہیں دے سکے۔
کنسرٹ کے اچانک منسوخ ہوجانے پر مداح برہم ہوگئے اور سوشل میڈیا پر انتظامیہ سے یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ کنسرٹ کے انعقاد کی اجازت ملنے سے پہلے ٹکٹ کیوں فروخت کیے گئے۔
مداح یہ سوال بھی پوچھ رہے ہیں کہ منتظمین اب منسوخ ہونے والے کنسرٹ کے لیے فروخت کیے گئے ٹکٹس کی رقم کس طرح واپس کریں گے ابھی تک اس حوالے سے کوئی پالیسی عوامی طور پر بیان نہیں کی گئی ہے۔
بنگلادیش کے میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عاطف اسلم کے کنسرٹ کی اچانک منسوخی اور اس کے ٹکٹس کی رقم کی واپسی میں مبینہ ناکامی کے بعد منتظمین کے خلاف ڈھاکا کی ایک عدالت میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز بیرسٹر احسن حبیب بھویاں نے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ذاکر حسین کو اس حوالے سے ایک شکایت جمع کروائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عدالت نے ڈیٹیکٹو برانچ کو 15 دنوں میں معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔