پشاور ہائی کورٹ نے سیکریٹری ہیلتھ اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی پر 1،1 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
عدالت عالیہ پشاور میں نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نجی یونیورسٹیوں نے فیسوں میں بغیر وجہ بتائے اضافہ کیا۔
وکیل نے کہا کہ 2023-24 میں فیسوں میں 200 سے 300 فیصد تک اضافہ کیا گیا، میڈیکل کالجز کی فیسیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔
محکمہ صحت نے عدالت میں جواب دیا کہ فیسوں میں اضافہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے کیا، اس پر عدالت نے کہا کہ ہم نے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ سے تفصیلی جواب طلب کیا تھا۔
اس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل (اے اے جی) نے کہا کہ محکمہ صحت سے رابطہ کر لیا، تفصیلی جواب آئندہ سماعت پر جمع کرائیں گے۔
سماعت کے دوران عدالت عالیہ نے سیکریٹری ہیلتھ اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی پر ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا اور فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔