چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل آج لاہور میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں نے میچ کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی۔
سیمی فائنل سے قبل نیوزی لینڈ نے دن اور جنوبی افریقہ نے شام کے اوقات میں قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے وارم اپ سے سیشن کا آغاز کیا اور پھر فیلڈنگ ڈرلز کیں، نیٹس پر بیٹرز اور بولرز نے خوب مشقیں کیں۔
اس موقع پر پریس کانفرنس میں کپتان مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ لاہور کی پچ دبئی کے مقابلے میں مختلف ہے، یہاں پر پہلے کھیل چکے ہیں، کنڈیشنز کا اندازہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریول کے بعد کھلاڑیوں کو ریکوری کا موقع ملا اور سیمی فائنل کے لئے تیار ہیں۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ نے فلڈ لائٹس میں ٹریننگ کی، جنوبی افریقی کھلاڑیوں نے کیچز کی خصوصی مشقیں کیں جبکہ بیٹرز اور بولرز نے نیٹس پر تیاریوں کو حتمی شکل دی۔
کپتان ٹیمبا باووما نے پریس کانفرس میں کہا کہ دبئی جانا ضروری نہیں تھا، لاجسٹک کو مزید بہتر کیا جاسکتا تھا مگر شیڈول میں ہم زیادہ کچھ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی میں کھلاڑیوں نے گالف کھیل کر انجوائے کیا اور ری کور کیا، نیوزی لینڈ کو یہاں کھیل چکے ہیں اس چیلنج کو پلان کے مطابق لیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل دن دو بجے شروع ہوگا اور جیو سوپر میچ براہ راست نشر کریگا۔