• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوسف یوحنا سے محمد یوسف تک کا سفر، سابق کرکٹر کے انکشافات

--فائل فوٹو
--فائل فوٹو

سابق پاکستانی کرکٹر محمد یوسف نے اسلام قبول کرنے کے فیصلے سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ اس اقدام سے میری زندگی اور نقطۂ نظر تبدیل ہو گیا۔

محمد یوسف کو دنیا کے بہترین کرکٹ کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے،  اپنی شاندار کارکردگی، پراعتماد شخصیت اور مسلسل مثبت رویہ کے باعث وہ کرکٹ کے مداحوں کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔

 ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ مختلف مواقع پر ٹیم کے ساتھ رہ کر موجودہ اور سابق کھلاڑیوں کی تعریف کرتے رہتے ہیں۔

محمد یوسف نے اپنے کیریئر کے دوران بے شمار ریکارڈ قائم کیے، خاص طور پر 07-2006ء کے عرصے میں ان کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

ان کی فیلڈ پر موجودگی اور جدت نے انہیں کرکٹ کے اعلیٰ معیار کا حامل کھلاڑی بنا دیا۔ 

اپنے کیریئر کے عروج پر محمد یوسف نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا، جو ان کی زندگی میں ایک بنیادی تبدیلی کا باعث بنا۔

انہوں نے اسلامی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کیا اور اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی بسر کرنے کا عزم کیا۔

اپنی نئی شناخت اور اصولوں کے مطابق انہوں نے داڑھی بھی رکھ لی، جس سے ان کے نظریات اور طرزِ زندگی میں نمایاں تبدیلی آئی۔

ایک پروگرام میں بطور مہمان محمد یوسف نے کھل کر بتایا کہ اسلام قبول کرنے کا فیصلہ میری زندگی کا وہ لمحہ تھا جس نے میرا نقطۂ نظر تبدیل کر دیا۔

 انہوں نے بتایا کہ اسلام میں آنے کے بعد ناصرف میری ذاتی زندگی میں تبدیلی آئی بلکہ فیلڈ پر کارکردگی کا طریقہ بھی تبدیل ہو گیا۔

محمد یوسف کا کہنا ہے کہ اسلامی اصولوں پر عمل کرنے سے مجھے اندرونی سکون اور حوصلہ ملا جس کی بدولت مزید نئے ریکارڈ قائم کر سکا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید