سیکیورٹی فورسز نے بنوں کنٹونمنٹ پر حملہ آور تمام 16 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہلاک کیے گئے دہشت گردوں کی ویڈیو اور تصاویر جاری کی گئی ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہر قیمت پر اپنی قوم کی حفاظت کے لیے ہمارا عزم مضبوط ہے۔
واضح رہے کہ منگل کو افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کی تھی، دہشت گردوں نے بارود سے لدی 2 گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دی تھیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی بارود سے بھری گاڑیوں کے دھماکے سے قریبی مسجد کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے سے قریبی گھروں کی چھت گرنے سے شہری زخمی و شہید بھی ہوئے۔
دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 4 بچوں اور 2 خواتین سمیت 12 شہری شہید اور نمازیوں سمیت 32 افراد زخمی ہو گئے تھے۔