کرناٹک کے ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) اور کنڑ اداکارہ رانیا راؤ کے سوتیلے والد نے بیٹی سے اظہار لاتعلقی کردیا۔
3 مارچ کو بنگلور سے گرفتار ہونے والی اداکارہ کے سوتیلے والد ڈی جی پی رام چندر راؤنے رانیا راؤ سے دوری اختیار کرلی ہے۔
کنڑ اداکار کو ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی ) نے گرفتار سونے کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں رام چندر راؤ نےکہا کہ مجھے اس واقعے سے صدمہ پہنچا اور مایوسی بھی ہوئی ہے، ہمیں یقین ہے قانون اپنا کام کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا بیٹی کی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں، اُس کی 4 ماہ قبل شادی ہوئی، وہ تب سے ہمارے پاس نہیں آئی۔
ڈی جی پی کرناٹک نے یہ بھی کہا کہ ہمیں سوتیلی بیٹی یا اُس کے شوہر کے کاروباری معاملات کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ رانیا راؤ کو 14 اعشاریہ 8 کلو سونے کے ساتھ بنگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اداکارہ نے سونے کی بارز کو اپنے لباس میں چھپا رکھا تھا اور کچھ حصہ پہن کر اسمگل کرنے کی کوشش کی تھی۔
کنڑ اداکارہ کو 14 روزہ عدالتی حراست میں لے لیا گیا ہے، انہیں پچھلے 15دن میں 4 مرتبہ دبئی کا سفر کرنے پر خصوصی نگرانی میں رکھا گیا تھا۔