بھارتی فلم ساز، ہدایت کار، کہانی کار اور اداکار انوراگ کشیپ نے بالی ووڈ اور ممبئی چھوڑنے کی تصدیق کردی۔
52 سالہ انوراگ کشیپ بالی ووڈ میں 1998سے متحرک ہیں، جس فلم انڈسٹری کو انہوں نے اپنی زندگی کے 27 سال دیے، اُسے اب وہ زہریلا قرار دے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ساز نے بالی ووڈ کو زہریلا کہا اور ممبئی چھوڑ کر جنوبی بھارت شفٹ ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ میں بنگلور منتقل ہوگیا ہوں۔
انوراگ کشیپ نے کہا کہ میں فلمی لوگوں سے دور رہنا چاہتا ہوں، بالی ووڈ بہت زہریلا ہوگیا ہے، ہر کوئی غیر حقیقی ہدف کے پیچھے بھاگ رہا ہے، ہر کوئی اگلی 500 یا 800 کروڑ کی فلم بنانے کےلیے کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلم نگری میں تخلیقی ماحول ختم ہوگیا ہے، میں بالی ووڈ سے بیزار اور مایوس ہوچکا ہوں، خود کو تحریک دینے کےلیے جنوبی بھارت شفٹ ہوا ہوں۔
بھارتی فلم ساز اور ہدایت کار نے اعتراف کیا کہ میں ساؤتھ کے فلم سازوں سے حسد کرتا ہوں، کیونکہ میرے لیے موجودہ حالات میں نئے تجربے کےلیے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نیا تجربہ ایک قیمت مانگتا ہے جبکہ پروڈیوسرز صرف منافع کے بارے میں سوچتے ہیں، وہ پوچھتے ہیں میرا منافع کہاں ہے؟
انوراگ کشیپ نے یہ بھی کہا کہ فلم بنانے کا مزہ تب کرکرا ہوجاتا ہے جب فلم ساز پوچھتا ہے کہ اسے بناکر فروخت کیسے کریں گے؟ یہی وجہ ہے کہ میں بالی ووڈ چھوڑ رہا ہوں۔