کراچی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا۔
ریبیز کلینک انچارج ڈاکٹر رومانہ فرحت کے مطابق سول اسپتال میں جنوری اور فروری میں کتوں کے کاٹنے کے 5 ہزار 795 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ڈاکٹر رومانہ فرحت نے بتایا ہے کہ سول اسپتال میں گزشتہ سال جنوری اور فروری میں کتوں کے کاٹنے کے 3 ہزار 269 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ سول اسپتال میں کتوں کے کاٹنے کے یومیہ 100 سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب ایمرجنسی انچارج ڈاکٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ جناح اسپتال میں رواں سال کتوں کے کاٹنے کے 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، گزشتہ سال کتوں کے کاٹنے کے 3 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے۔
ان کیسز پر طبی ماہرین نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے کے کاٹنے پر متاثرہ جگہ کو فوری ڈیٹرجنٹ صابن سے کم از کم 15 منٹ دھونا چاہیے، اور اینٹی ریبیز ویکسین اور حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کرنا چاہیے۔