پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے سنیل گواسکر کے پاکستان ٹیم سے متعلق بیان کو فضول قرار دے دیا۔
جیسن گلیسپی نے کہا کہ انہیں اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں ٹیلنٹ بہت ہے وہ کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے، بس صحیح ٹیلنٹ کو منتخب کرنے اور انہیں سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
سنیل گواسکر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت کی بی، سی ٹیم بھی پاکستان کو شکست دے سکتی ہے۔
اس حوالے سے جیسن گلیپسی نے کہا کہ میں نے سنیل گواسکر کے پاکستان ٹیم پر کمنٹس سنے ہیں، کہ انڈین بی ٹیم، سی ٹیم بھی پاکستان کی ٹاپ ٹیم کو شکست دے سکتی ہے یہ بالکل فضول بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ٹیم میں صحیح کھلاڑیوں کو پک کیا جائے اور انہیں گیم ڈیولپمنٹ کرنے کےلیے وقت دیا جائے تو وہ کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں۔
جیسن گلیپسی نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہاں ٹیلنٹ بہت ہے، بس صحیح ٹیلنٹ کو منتخب کرنے اور انہیں سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ نئے ٹیلنٹ کے ساتھ صبر کے ساتھ کام لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بورڈ اچھے نتائج حاصل کرنا چاہتا ہے تو صحیح لوگوں کو صحیح کام پر لگایا جائے، سلیکشن میں میرٹ پر لوگوں کو لایا جائے اور انہیں سپورٹ کیاجائے، کوچز کو پورا موقع دنیا چا ہیے تاکہ اچھے نتائج آسکیں، نہیں تو نتیجہ ایسا ہی رہے گا۔