سابق کرکٹر باسط علی نے قومی ٹیم کے کھلاڑی بابراعظم کے والد اعظم صدیقی کے ایکس پیغام پر اپنے ردِ کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی ٹرانسمیشن کے دوران پوچھے گئے سوال پر باسط علی نے کہا کہ ہمیں پتہ نہیں تھا کہ بابر اعظم کے کوچ ان کے والد ہیں، اچھی بات ہے کہ بابر کے کوچ ان کے والد ہیں، لگتا ہے کہ بابر اعظم کے والد بہت زیادہ کرکٹ کھیلے ہوئے ہیں، ہمیں نہیں پتہ کہ ان کے والد کتنے ٹیسٹ میچ کھیلے ہوئے ہیں۔
سابق ٹیسٹ بیٹر نے کہا ہے کہ بس بابر کے والد ان کی تیکنیک کے مسائل کو درست کر دیں، مسائل ٹھیک کرنا بابر کے ہاتھ میں ہے، ہماری نیک خواہشات بابر اعظم کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی بیٹے کی حمایت میں سامنے آئے تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں اعظم صدیقی نے کہا تھا کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر کے رکن اور کیپ ملنے کے بعد بابر اعظم ڈراپ ہوئے ہیں، بابر اعظم نیشنل ٹی ٹوئنٹی اور پی ایس ایل میں پرفارم کر کے دوبارہ ٹیم میں آ جائیں گے، سابق کھلاڑیوں سے درخواست ہے کہ وہ الفاظ کا چناؤ ٹھیک رکھیں۔