گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے کہ آج خواتین کی صلاحیتوں اور معاشرے کے لیے اُن کی خدمات کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی خواتین ہر شعبے میں کام کر کے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
سردار سلیم حیدر نے بتایا ہے کہ اسلام نےخواتین کو زمانہ جاہلیت میں اُس وقت حقوق دیے جب بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیا جاتا تھا۔
اپنی قائد محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا ذکر کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کے لیے عزم اور ہمت کی مثال قائم کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ خواتین کو معاشرے میں ترقی کے مساوی مواقع دے کر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔