پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر عون عباس بپی نے کہا کہ دو دن قبل صبح ساڑھے 8 بجے ملتان میں واقع گھر میں 20، 25 لوگ داخل ہوئے، میرے بیڈروم کا دروازہ توڑ کر مجھے گریبان سے پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے لے کر گئے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر عون عباس بپی نے ایوان کو اپنی گرفتاری کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ رات ساڑھے 8 بجے کسی عدالت میں پیش کیا، جج نے پوچھا کہ کیس پتہ ہے جس میں گرفتاری ہوئی؟
عون عباس نے بتایا کہ میں نے جج سے کہا مجھے تو یہ بھی نہیں پتہ میں کس جگہ ہوں، جج نے بتایا کہ میں یزمان کی عدالت میں ہرن کا شکار کرنے کے کیس میں پیش کیا گیا ہوں۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ میں نے بانی پی ٹی آئی سے وفا کی قیمت ادا کی ہے اور ادا کرتا رہوں گا۔