ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ فاسٹ بولر اینڈی رابرٹس بھارت کو فائدہ پہنچانے پر آئی سی سی پر برس پڑے۔
اینڈی رابرٹس نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کو یوں ہر چیز نہیں دی جا سکتی بلکہ کبھی آئی سی سی کو کسی چیز کے لیے بھارت کو انکار بھی کرنا چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ بھارت کو گزشتہ سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی فائدہ ملا، بھارتی ٹیم کو پہلے سے علم تھا کہ ان کا سیمی فائنل کہاں ہو گا۔
اینڈی رابرٹس نے کہا کہ اب چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھی بھارت نے سفر نہیں کیا اور یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ٹورنامنٹ میں ایک ٹیم کوئی سفر ہی نہ کرے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ منصفانہ طریقہ کار نہیں ہے، یہ کرکٹ نہیں ہے، کرکٹ میدان میں برابری کی بنیاد پر کھیلی جانی چاہیے۔
اینڈی رابرٹس نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ بھارت سے بہت پیسہ آتا ہے لیکن کرکٹ کو ایک ملک کا کھیل نہیں ہونا چاہیے، اب ایسا لگنے لگا ہے یہ ایک ملکی مقابلہ ہے اور کھیل کے میدان میں برابری نہیں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے نزدیک اب آئی سی سی کا مطلب انڈین کرکٹ بورڈ ہے کیونکہ اب وہاں بھارت کی اجارہ داری ہے۔
اینڈی رابرٹس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کل کو بھارت یہ کہے گا کہ اب سے کھیل میں کوئی نو بال اور وائیڈ بالز نہیں ہونی چاہئیں تو میری بات لکھ لیں اس پر بھی آئی سی سی بھارت کو مطمئن کرنے کا کوئی نہ کوئی راستہ تلاش کر لے گا۔