• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دریائے سندھ سے نہریں نکالنے پر پی پی قیادت ڈرامہ کررہی ہے، آفاق احمد

مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے بارے میں ڈرامہ کر رہی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران آفاق احمد نے کہا کہ پی پی کی اعلیٰ قیادت نے 8 جولائی کو 6 نہریں نکالنے کی دستاویز پر دستخط کئے اور اب بیان بازی کے ذریعے عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی قیادت دریائے سندھ سے 6 نہریں نکالنے کے بارے میں ڈرامہ کر رہی ہے، پانی کا سودا کرکے سندھ کو بنجر بنانے کی کیا قیمت وصول کی، عوام جاننا چاہتے ہیں۔

ایم کیو ایم حقیقی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ کراچی میں واٹر ٹینکر اور ڈمپر مافیا کا رویہ تبدیل نہیں ہوا، 190 ملین پاؤنڈ سندھ کاحق ہے، یہ کراچی کی زمینوں کا پیسا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 190 ملین پاؤنڈ سے اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا، وزیراعظم کے اس فیصلے کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

آفاق احمد نے یہ بھی کہا کہ خالد مقبول 190ملین پاؤنڈ کراچی لانے کے لئے اپنی وفاقی وزارت داؤ پر نہیں لگائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید