• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام 33 دہشتگرد جہنم واصل کردیے، ڈی جی آئی ایس پی آر


ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے اور مسافروں کو یرغمال بنانے والے تمام 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا ہے، جبکہ کارروائی کے دوران ایف سی کے چار جوان شہید ہوئے۔ 

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ بولان میں 11 مارچ کو دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا، دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو نشانہ بنا کر جعفر ایکسپریس کو روکا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ تمام 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا، کلیئرنس آپریشن کے دوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا۔  سیکیورٹی فورسز کے نشانہ بازوں نے خودکش بمباروں کو ہلاک کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں نے ٹرین کے 21 مسافروں کو شہید کیا، دہشت گردوں نے 21 مسافروں کو سیکیورٹی فورسز کے آپریشن سے قبل شہید کیا۔


ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کل شام تک سو سے زائد مسافروں کو بازیاب کروایا گیا تھا، آج شام تک تمام مغوی مسافروں کو بازیاب کروایا گیا، مسافروں کی وجہ سے انتہائی احتیاط کے ساتھ کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دہشتگردوں نے یرغمالیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا، دہشتگرد افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن میں آرمی، ایف سی، ایس ایس جی اور ایئر فورس نے حصہ لیا۔ دوران آپریشن ایف سی کے 4 جوان شہید ہوئے۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ موقع پر موجود تمام دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں، علاقے اور ٹرین کی کلیئرنس ایس او پیز کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو مغوی مسافر آپریشن کے دوران دائیں بائیں کے علاقوں کو بھاگے ان کو بھی اکٹھا کیا جارہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے مسافروں کو ٹولیوں میں بٹھایا ہوا تھا اور درمیان میں خودکش بیٹھائے گئے تھے، خودکش بمباروں کو سیکیورٹی فورسز کے نشانہ بازوں نے ہلاک کیا۔

’جعفر ایکسپریس کے واقعے نے گیم کے رولز تبدیل کردیے‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی کے وہ شہریوں کو سڑکوں پر یا ٹرینوں پر نشانہ بنائیں۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس کے واقعے نے گیم کے رولز تبدیل کردیے۔

’بھارتی میڈیا پر گمراہ کن رپورٹنگ ہوئی‘

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جیسے ہی واقعہ ہوا چند منٹوں میں بھارتی میڈیا پر گمراہ کن رپورٹنگ شروع ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پرانی تصاویر، ویڈیوز اور اے آئی ویڈیوز بھارتی میڈیا پر نشر کی گئیں، یہ دہشتگردوں اور ان کے آقاؤں کا گٹھ جوڑ ظاہر کرتے ہیں۔

’کچھ عناصر اقتدار کی ہوس میں قومی مفاد کو بھی بھینٹ چڑھا رہے ہیں‘ 

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ ایسے موقعوں پر کچھ مخصوص سیاسی عناصر ملک میں بھی بڑھ چڑھ کر سوشل میڈیا کو ایکٹیو کرلیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجائے اس کے کہ وہ ریاست اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں، دہشتگردی کےلیے بےبنیاد جواز پیدا کرتے نظر آتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افسوس ہوتا ہے کہ کچھ عناصر اقتدار کی ہوس میں قومی مفاد کو بھی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔

’دہشتگردوں کا اسلام، پاکستان، بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں‘

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ ان دہشتگردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دہشتگردوں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو ڈھاڈر کے مقام پر نشانہ بنایا اور مسافروں کو یرغمال بنالیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید