• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت : نشے میں دھت نوجوان نے گاڑی 4 لوگوں پر چڑھا دی، خاتون ہلاک

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی شہر گجرات میں نشے میں دھت نوجوان نے تیز رفتار کار 4 افراد پر چڑھادی، جس سے 1 خاتون ہلاک اور دیگر شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقع وڈودرا کے کریلی باغ علاقے میں  پیش آیا، جہاں ایک 20 سالہ نوجوان نے اپنی تیز رفتار کار لوگوں پر چڑھا دی، یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی رات تقریباً 12:30 بجے پیش آیا۔ حادثے کے بعد نوجوان گاڑی سے باہر نکل کر چیخنے لگا۔

حادثے کے بعد بڑی تعداد میں مشتعل افراد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے اور ڈرائیور کی پٹائی لگادی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات قابو میں کیے اور مجمع کو منتشر کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم راکشت چورسیا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وہ اتر پردیش کے  علاقے وارانسی کا رہائشی ہے اور وڈودرا کی ایک یونیورسٹی میں قانون کی تعلیم حاصل کر رہا ہے۔

حادثے کے وقت ملزم کے ساتھ گاڑی میں موجود دوسرے شخص کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، جس کی شناخت مِت چوہان کے طور پر ہوئی ہے، اور گاڑی کا مالک بھی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کار کو 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلا رہا تھا، گاڑی نے دو موٹر سائیکلز کو ٹکر ماری، سواروں کو گھسیٹتے ہوئے کافی دور لے گئی اور پھر رک گئی۔

حادثے میں چار افراد شدید زخمی ہوئے، جن میں ایک خاتون ہیمانی پٹیل موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ وہ اپنی کم سن بیٹی کے ساتھ ہولی کے رنگ خریدنے نکلی تھیں۔ زخمیوں میں شامل افراد بشمول بچی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید