• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آنجہانی والد کی بیٹے کی شادی میں شرکت، اے آئی ویڈیو وائرل


مرے ہوئے باپ کی بیٹے کی شادی میں شرکت کی ویڈیو نے سب کو جذباتی کر دیا۔

بھارت میں ایک انوکھی شادی کی تقریب سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں دلہا کے آنجہانی والد کو شادی کی تقریب میں شرکت کرتے دیکھا گیا، یہ جذباتی لمحہ دیکھ کر حاضرین حیران رہ گئے اور کئی افراد آبدیدہ ہو گئے۔

یہ منظر درحقیقت مصنوعی ذہانت Artificial Intelligence کی مدد سے تخلیق کیا گیا تھا۔

جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایسا محسوس ہوا کہ جیسے دلہے کے والد حقیقت میں شادی کی تقریب میں موجود تھے، حالانکہ وہ کافی عرصہ قبل انتقال کر چکے تھے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا کہ آنجہانی والد آسمان سے زمین پر اتر رہے ہیں، اپنے بیٹے، بیوی اور خاندان کے دیگر افراد سے مل رہے ہیں، ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھا رہے ہیں اور کچھ وقت گزارنے کے بعد واپس آسمان کی طرف لوٹ جاتے ہیں۔

دلہا نے اس ٹیکنالوجی کا استعمال اس لیے کیا تاکہ وہ اپنے والد کی عدم موجودگی کا احساس کم کر سکے۔ 

انہوں نے کہا کہ میرے والد میری شادی دیکھنے کے لیے دنیا میں نہیں تھے، لیکن میں نے ہمیشہ یہ خواب دیکھا تھا کہ وہ اس موقع پر میرے ساتھ ہوں، مصنوعی ذہانت کی مدد سے میں نے یہ خواب حقیقت میں بدل دیا، یہ میری زندگی کے سب سے جذباتی لمحات میں سے ایک تھا۔

یہ ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور لاکھوں افراد نے اسے شیئر کیا، بہت سے لوگوں نے اس ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کو سراہا، جبکہ کچھ افراد نے اس کے جذباتی اثرات پر حیرانی کا اظہار کیا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید