کشمیر انٹرنیشل پیس فورم یورپ کے چیئرمین زاہد اقبال ہاشمی نے کہا کہ کشمیری قوم مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے کے مشن پر قائم ہیں، کشمیری دنیا کی واحد قوم ہے جو 7 دہائیوں سے آزادی کیلئے ہتھیار اٹھانے کی بجائے پُرامن جدوجہد کر رہی ہے۔
افطار عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے زاہد اقبال ہاشمی نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام بھی اس جدوجہد میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ موجودہ دور جنگوں کا نہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نعرہ ہے کہ وہ جنگیں نہیں مذاکرات کے ذریعے دنیا کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری بھی امریکی صدر ٹرمپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ برصغیر کا سب سے اہم مسئلہ کشمیر حل کرنے کےلیے اپنا کردار سرانجام دیں۔
زاہد اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو تشدد کا راستہ اختیار کرنے سے بچانے کیلئے اہم موقع ہے اور توقع کرتے ہیں کہ بھارت بھی ہٹ دھرمی کی بجائے مذکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے پر آمادہ ہوجائے گا۔