بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھارتی نژاد امریکی خلاء باز سنیتا ولیمز کو خط لکھا ہے۔
ناسا کی خلاء باز 58 سالہ سنیتا ولیمز اور 62 سالہ بوچ ولمور 8 روزہ مشن پر خلاء میں گئے تھے لیکن پھر اسٹار لائنر کی خرابی کے سبب گزشتہ 9 ماہ سے خلاء میں پھنسے رہے۔
9 ماہ پھنسے رہنے کے بعد اب آج یہ دونوں خلاء باز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے زمین کی طرف واپسی کا سفر شروع کریں گے۔
ایسی صورتِ حال میں نریندر مودی نے سنیتا ولیمز کو 1 مارچ کو خط لکھا تھا جو اب منظرِ عام پر آیا ہے۔
اُنہوں نے خط میں لکھا کہ ہم نے ایک ملاقات کے دوران اس بارے میں بات کی تھی کہ ہمیں آپ پر اور آپ کے کام پر کتنا فخر ہے اور اس ملاقات کے بعد میں آپ کو یہ خط لکھنے سے خود کو روک نہیں سکا۔
بھارتی وزیرِاعظم نے مزید لکھا کہ 1.4 بلین بھارتی عوام نے ہمیشہ آپ کی کامیابیوں پر بہت فخر محسوس کیا ہے اور حالیہ پیش رفت نے ایک بار پھر آپ کے متاثر کن عزم اور استقامت کو ظاہر کیا ہے۔
اُنہوں نے خط میں لکھا کہ ہزاروں میل دور ہونے کے باوجود آپ ہمارے دلوں کے قریب رہتی ہیں، بھارت کے لوگ آپ کی اچھی صحت اور آپ کے مشن میں کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
نریندر مودی نے خط میں لکھا کہ آپ کی واپسی کے بعد ہم آپ کو بھارت میں دیکھنے کے منتظر ہیں اور بھارت کے لیے اپنی ایک نامور بیٹی کی میزبانی کرنا خوشی کی بات ہو گی۔