• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر،عمران اور شیخ رشید کے حلقوں میں بھی تحریک انصاف اور اسکے اتحادیوں کو شکست کا سامنا

اسلام آباد (رپورٹ: افضل بٹ)قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے انتخابی حلقوں این اے 55 اور 56 میں بھی تحریک انصاف اور اس کے اتحادی امیدوار بری طرح شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کی طرف سے سرکاری نتائج جاری ہونے کے بعد یہ حیرت انگیز حقیقت سامنے آئی ہے کہ عمران خان اور شیخ رشید احمد کے انتخابی حلقوں میں کشمیر کے وادی 4، وادی 5 اور جموں 6 حلقوں کے 15 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ جن میں سے کسی ایک پولنگ اسٹیشن پر بھی پاکستان تحریک کے انصاف اور اس کی اتحادی جماعت کے امیدوار کو کامیابی نہیں ملی تھی۔ پاکستان کے عام اور بلدیاتی انتخابات کے برعکس پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی پوزیشن راولپنڈی میں تحریک انصاف کے امیدواروں سے بہتر نظر آ رہی ہے۔ سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پہلی، پیپلزپارٹی دوسری اور پی ٹی آئی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد کے حلقہ 55 میں قانون ساز اسمبلی ویلی 4 کی نشست کیلئے پولنگ اسٹیشن مشن اسکول اور ضیاءالعلوم اسکول میں مسلم لیگ ن 156، پیپلزپارٹی 162، پی ٹی آئی 42۔ پولنگ اسٹیشن مسلم اسکول سید پوری گیٹ، گورنمنٹ مسلم ایلیمنٹری اسکول گلشن آباد مسلم لیگ ن 368، پیپلزپارٹی 199، تحریک انصاف 106۔ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول باغ سرداراں پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ 88، پیپلزپارٹی 71 اور پی ٹی آئی نے 64 ووٹ حاصل کئے۔ پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز اسکول لوکوشیڈ میں مسلم لیگ ن 175، پیپلزپارٹی 150 اور تحریک انصاف نے 64 ووٹ حاصل کئے۔ گورنمنٹ ہائی اسکول ملت کالونی پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ ن 246، پیپلزپارٹی 303 اور تحریک انصاف نے 131 ووٹ حاصل کئے۔ اس طرح مسلم لیگ کے اسد علیم شاہ پہلے، پیپلزپارٹی کے اظہر گیلانی دوسرے اور تحریک انصاف کے اشتیاق بخاری تیسرے نمبر پر رہے۔ دوسری طرف عمران خان کے حلقہ 56 میں قائم قانون ساز اسمبلی ویلی 5 کے پولنگ اسٹیشن ملیہ اسکول ایف بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن میں مسلم لیگ ن 175، پیپلزپارٹی 80 اور تحریک انصاف و مسلم کانفرنس کی مشترکہ امیدوار نے 28 ووٹ حاصل کئے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج سیٹلائٹ ٹاؤن پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ ن 99، پی ٹی آئی و مسلم کانفرنس مشترکہ امیدوار 23، پیپلزپارٹی 16 جبکہ آزاد امیدوار شبیر احمد نے 186 ووٹ حاصل کئے تھے۔ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول خیابان سرسید پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ 203، پیپلزپارٹی 74 اور مشترکہ امیدوار نے صرف سات ووٹ حاصل کئے۔ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول امرپورہ پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ 268، پیپلزپارٹی 33 اور تحریک انصاف و مسلم کانفرنس مشترکہ امیدوار نے 35 ووٹ حاصل کئے۔ اسی طرح مسلم لیگ کے احمد رضا قادری پہلے، پیپلزپارٹی کے عبدالسلام بٹ دوسرے اور مہر النساءتیسرے نمبر پر ہیں۔ علاوہ ازیں قانون ساز اسمبلی کی نشست جموں 6 کے این اے 55 اور 56 میں 6 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے جن پر مسلم لیگ ن کے راجہ صدیق نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پیپلزپارٹی نے دوسری اور پی ٹی آئی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تازہ ترین