• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان: دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹڈ ریلوے اسٹیشن صرف 6 گھنٹوں میں تعمیر ہو گا

تصویر بشکریہ سی این این
تصویر بشکریہ سی این این

دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹڈ ریلوے اسٹیشن جو صرف 6 گھنٹوں میں تعمیر ہو گا۔

جدید ٹیکنالوجی کی حیران کن ترقی کے باعث دنیا اب ایسے سنگِ میل عبور کر رہی ہے جو ماضی میں محض سائنس فکشن کا حصہ سمجھے جاتے تھے۔

 اسی سلسلے میں جاپان نے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے دنیا کے پہلے تھری ڈی پرنٹڈ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کا اعلان کیا ہے، جو صرف 6 گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ منفرد ریلوے اسٹیشن جاپان کے شہر اوساکا کے جنوب میں 60 میل کے فاصلے پر واقع علاقے Wakayama میں تعمیر کیا جائے گا۔ 

اسٹیشن کا کل رقبہ 108 مربع فٹ ہو گا اور اسے جدید تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

جاپانی ریلوے گروپ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس تاریخی منصوبے کا آغاز 25 مارچ کو کیا جائے گا جب پرانے اسٹیشن سے آخری ٹرین روانہ ہو جائے گی۔ 

اس کے بعد ریلوے اسٹیشن کے تمام حصے تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے تیار کیے جائیں گے اور پھر انہیں تعمیراتی مقام پر محض 6 گھنٹوں میں جوڑ دیا جائے گا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ریلوے اسٹیشن کی مکمل تعمیر تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

 جاپانی حکام کے مطابق یہ طریقۂ تعمیر ناصرف وقت اور وسائل کی بچت کرے گا بلکہ ماحول دوست بھی ہو گا، کیونکہ اس میں استعمال ہونے والا مٹیریل روایتی تعمیراتی مٹیریل کے مقابلے میں زیادہ پائیدار اور کم فضلہ پیدا کرنے والا ہو گا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید