چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) سجاد غنی کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، گلیشئیرز پگھلنے سے واٹر سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں۔
ورلڈ واٹر ڈے اور ارتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین واپڈا سجاد غنی نے کہا ہے کہ 22 مارچ 2025ء کا دن نہایت اہمیت کا حامل ہے، گلیشیئرز ہمارے دریاؤں کے لیے زندگی اور تازہ پانی کا اہم ترین ذریعہ ہیں۔
چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا گلیشیئرز کے تحفظ اور پاکستان میں پائیدار آبی نظام کے لیے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ واپڈا ماحول دوست پن بجلی کے ذریعے کاربن کے اخراج میں کمی لانے کے عمل میں پیش پیش ہے۔
سجاد غنی نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے اور پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین واپڈا نے یہ بھی کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کی غرض سے توانائی کے لیے تیل پر انحصار میں بھی کمی لائی جا رہی ہے۔