• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکساس: ڈیلس سمیت کئی شہروں میں یوم شہادت حضرت علیؓ عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا


امریکا کے شہر ڈیلس میں 21 رمضان یوم شہادت حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، یوم علیؓ کی مناسبت سے ریاست ٹیکساس کے کئی شہروں میں مجالس برپا کی گئیں اور  جلوس نکالے گئے۔

ڈیلس میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس مختلف امام بارگاہوں سے ڈیلس ڈاؤن ٹاؤن میں برآمد ہوا اور یہیں اختتام پزیر ہوا۔ جلوس میں علم و تابوت ذوالجناح برآمد کیے گئے جلوس کی قیادت انجمن سرکار وفا کے رہنما علی رضوی نے کی۔

عزادار جلوس میں ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے، نوحہ خوانی شجاع حیدر اور دیگر نوحہ خوانوں نے کی جنہوں نے سوز و سلام پیش کیا جبکہ صف ماتم میں عزادارانِ اہلیبت نے حضرت علیؓ کو ماتم اور سینہ کوبی کے ذریعہ ان سے والہانہ محبت کا اظہار کر کے پرسہ دیا۔

ڈیلس جلوس میں مومن سینٹر، علم سینٹر، در حسین، سٹی آف نالیج، اقا سینٹر سے عزادارانِ اہلیبت بشمول خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ عزاداروں کو تعزیہ، علم اور تابوت کی زیارت بھی کروائی گئی۔

جلوس میں منعقدہ مجلس عزاء سے علامہ مدثر علی شاہ موسوی نے خطاب کیا جبکہ ڈیلس کی دیگر مساجدوں و امام بارگاہوں میں علمائے کرام نے مجالسوں سے خطاب کرتے ہوئے حضرت علیؓ کی تعلیمات اور دین اسلام کیلئے اہلیبت و اطہار کی لازوال قربانیوں سمیت مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

علمائے کرام نے کہا کہ حضرت علیؓ کی ولادت کعبہ میں جبکہ شہادت مسجد میں ہوئی۔ انہوں نے بچپن میں اسلام قبول کر کے تمام زندگی ﷲ اور اس کے رسول کی محبت و اطاعت میں گذاری۔

علمائے کرام نے مزید کہا کہ آپؓ جنہوں نے بچپن میں اسلام کا دامن تھاما اور پھر ساری زندگی اسی پرچم کو بلند رکھا۔ ان کے قدموں نے کبھی حق سے ہٹنا نہ سیکھا، ان کے ہاتھوں نے کبھی باطل سے مصالحت نہ کی۔ ہر معرکہ، ہر میدان، ہر امتحان میں وہ صبر و استقامت کا پہاڑ بنے رہے اور ہر لمحہ بہادری و جرات کا وہ چراغ جلایا جو رہتی دنیا تک اہلِ اسلام کےلیے مینارۂ نور رہے گا۔

علمائے اکرام نے کہا کہ حضرت علیؓ کی حیات، فقط ایک زندگی نہیں بلکہ ایک درسگاہ ہے۔ ہر قدم، ہر لمحہ، ہر فیصلہ امت کےلیے بے شمار اسباق کا مجموعہ ہے۔

واضح رہے کہ یوم علیؓ کی تقریب کا سلسلہ امریکا بھر میں جاری ہے اور امریکا کے کئی بڑے شہروں بشمول ہیوسٹن میں یوم علیؓ کا جلوس کل 23 مارچ کو اتوار کے روز ڈاؤن ٹاؤن ہیوسٹن سے برآمد ہوگا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید